شبِ برات بڑی رحمتوں، برکتوں اور عظمتوں والی شب مبارکہ ہے جس میں آئندہ سال ہونے والے تمام عوامل کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ اس رات عبادت کرنے سے اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی رحمت سے دوزخ کے عذاب سے چھٹکارا اور نجات عطا کردیتا ہے۔
ماہ شعبان کی پندرھویں رات کو عام طور پر شب برات کہاجاتا ہے۔ اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور جہنم سے نجات پاتے ہیں۔ مذہبی اسکالرسید ریحان شاہ کہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے بعض بابرکت دن اور راتیں پیدا فرمائی ہیں ان میں شب برات بھی ایک ایسی رات ہے جس کی عبادت بہت زیادہ مقبول ہے۔اس رات کو برکت والی اور رحمت والی رات بھی کہا جاتاہے۔ اس مقدس رات میں اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت وبھائی چارے کے فروغ کیلئے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں۔
دینی سکالر حافظ عبیدالرحمان کا کہنا ہے کہ اس فضیلت والی رات میں بندے کواپنے گناہ سامنے رکھ کر اللہ سے معافی مانگنی چاہیے۔اسلامی دنوں میں چند دن اور راتوں کواس لئے فضیلت دی ہے کہ یہ دن اور راتیں ہمیں جھنجھوڑتے ہیں اور ہمیں اللہ تعالیٰ کے خلیفہ اور نائب ہونے کا احساس دلاتے ہیں۔