اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) شبر زیدی بھی بے بس ہو گئے۔ غیرمعینہ مدت کے لیے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان ٹوڈے کے مطابق شبر زیدی طبی بنیادوں پر غیرمعینہ مدت کے لیے چھٹیوں پر جا رہے ہیں اور انہوں نے اپنی چھٹیوں کے حوالے سے وزیراعظم
کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور دیگر حکومتی عمال کو مطلع کر دیا ہے۔ ان کی چھٹیاں پیر سے شروع ہوں گی۔رپورٹ کے مطابق رواں ماہ میں دوسری بار شبر زیدی چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر جعلی سیلز ٹیکس ری فنڈ کیس کی وجہ سے دفتر نہیں آ سکتے۔ سپریم کورٹ میں اس کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔ بدھ کے روز کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کی طرف سے کیس میں ملوث ایف بی آر کے حکام خلاف کارروائی نہ کرنے پر چیئرمین سمیت ایف بی آر کے دیگر عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کیس چیئرمین ایف بی آر اور ادارے کے دیگر لوگوں کے لیے ڈراﺅنا خواب بن کر رہ گیا ہے،
جنہوں نے جعلی سیلز ٹیکس ری فنڈز کے ذریعے اربوں روپے کمائے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ چند ماہ سے ایف بی آر کے سینئر عہدیدار چیئرمین کے خلاف لابنگ بھی کر رہے ہیں۔ ان عہدیداروں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی رابطے بڑھا لیے ہیں جنہوں نے انہیں ادارے میں اصلاحات کے لیے تجاویز دینے کو کہا تھا۔ ان لوگوں نے چیئرمین کو بے بس کر دیا ہے جس پر وہ چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔