اسلام آباد(ایس ایم حسنین) تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں تضاد پر مبنی رد عمل آنے کے بعد وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں شفقت محمود نے کہا کہ جب میں اسکولز/کالجز/جامعات کو دوبارہ کھولنے سے متعلق کچھ طلبہ کا منفی ردعمل دیکھتا ہو تو حیران ہوجاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مستقبل کا دروازہ ہے اور تعلیمی سال کسی کی بھی زندگی کا بہترین وقت ہوتے ہیں۔ شفقت محمود نے مزید کہا کہ سب کو تعلیم کے حصول اور دوستوں کے درمیان رہنے کے اس موقع کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ اکثر صارفین کی جانب سے میمز کی صورت میں ناراضی کا اظہار بھی کیا جارہا تھا جس سے ایسا معلوم ہورہا تھا کہ شاید طلبہ اس فیصلے پر ناخوش ہیں۔ سوشل میڈیا پر طلبہ کے ردعمل پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے حیرانی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے کیسز کا جائزہ لینے کے بعد 18 جنوری سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔