بشکک؍ اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بشکک میں پاکستانی کمیونٹی کیساتھ ملاقات، پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روزہ افطار کیا
وزیر خارجہ پاکستانی طلبا ء کے ساتھ گھل مل گئے طلباء نے وزیر خارجہ کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی کمیونٹی جس بھی ملک میں قیام پذیر ہو ان کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کاترجیحی ایجنڈا ہے
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے بھیجے ہوئے زرمبادلہ سے معیشت کو استحکام ملتا ہے ۔ میں نے تمام سفارت خانوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔ میں انشاللہ جب دوبارہ ایس سی او سمٹ جو کہ اگلے ماہ متوقع ہے میں شرکت کیلئے آؤں گا تو یونیورسٹی آف سینٹرل ایشیا کا وزٹ کروں گا اسٹوڈنٹس سے ملوں گا۔ میں نے قازقستان اور کرغیزستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی اس مسئلے کو اٹھایا ہے کہ ہمیں سنٹرل ایشیا کے ساتھ روابط کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے
انہوں نے کہا کہ پچاس ممالک ایسے ہیں جن کیلئے ہم نے ویزہ آن ارائیول کی پالیسی اختیار کی ہے۔ 178 ممالک کو ہم ای ویزہ کی سہولت دے رہےہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے اور لوگ چھٹیاں گزارنے کیلئے پاکستان آئیں۔ آزادانہ فارن پالیسی کیلئے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہوگا اس مقصد کے لیے ہم نے معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا ہے۔
آج سشما جی سے بھی ملاقات ہوئی انہیں گلا تھا کہ ہم کبھی کبھار کڑوا بولتے ہیں اور وہ مٹھائی لے کر آئ ہیں تاکہ ہم میٹھا بولیں۔ ہم نے انہیں واضح کیا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں اور وزیر اعظم عمران خان نے تو پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ہندوستان ایک قدم بڑھائے تو ہم دو بڑھائیں گے -ہم تو آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں اپنے تباہ شدہ اداروں کو بحال کرنا ہے اور ہم کریں گے لیکن اس پر وقت لگے گا۔ کرغزستان میں چھ ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جن میں زیادہ تعداد پاکستانی طلبا ء کی ہے
ہمیں پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آپ کی ضرورت ہے۔ ہم انشاء اللہ ایک نئے پاکستان ،نئے مائنڈ سیٹ کی بنیاد رکھیں گے۔ ہماری جماعت کو سپورٹ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں نے اور نوجوانوں نے کی۔ سیاسی پنڈت جو یہ کہہ رہے تھے کہ ہم الیکشن جیت ہی نہیں سکتے لیکن ہم نے خیبرپختونخوا میں بنائی پنجاب میں بنائی پاکستان میں بنائی اور انشاء اللہ سندھ میں بھی بنائیں گے۔ میں نے اپنے سفراء کو پیغام دیا ہے کہ اگر وہ محنت کریں گے تو میں بطور وزیر خارجہ انکے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ آخر میں ،میں خواتین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہماری پارٹی کا ساتھ دیا