اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کرسمس کے پرمسرت موقع پر ہم پاکستان اور پوری دنیا میں اپنے مسیحی بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرسمس کے حوالے سے مسیحی کمیونٹی کومبارک باد دیتے ہوئے کہاہے وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو اسلام نے انہیں دیئے ہیں ۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے قومی پرچم میں اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام مخلوقات برابر ہیں اور اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔آئین پاکستان بھی اقلیتوں کے یکساں حقوق کا محافظ ہے ۔ اس کے برعکس ہمسائیہ ملک بھارت جو اپنے آپ کوسیکولر اورانسانی حقوق کا علمبردار کہتا ہے۔ وہاں پر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے اوراس وقت کشمیر اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے و ہ دنیا کے سامنے ہے۔ حکومت پاکستان اقلیتوں میں کوئی فرق نہیں رکھتی اور انہیں ان کے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے بھر پور مواقع فراہم کررہی ہے۔ اور پاکستان میںاقلیتی برادر ی بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ تب ہی ہم دنیا سے انتہا پسندی ‘ دہشت گردی جیسے چیلنجز سے بخوبی نبر آزماہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا اسلام ایک امن پسند ملک ہے جو اقلیتوں کے ساتھ احترام ، محبت اور خلوص کےساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم کرسمس کے موقع پر اپنی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہم سب نے مل جل کر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرناہے اور اسے عظیم اسلامی ‘ معاشی ‘ فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جس کا خواب بانی پاکستان محمد علی جناح ؒ نے دیکھا تھا۔ دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ نے کرسمس 2020 کے موقع پر پاکستان اور پوری دنیا میں مسیحی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسیحی بھائیوں کی پاکستان کی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے اور قابل قدر شراکت پر شکر گزار ہیں۔