نیویارک (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بلانا اور نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانا مثبت قدم ہے، مقبوضہ کشمیر کے 80لاکھ مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، او آئی سی کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کےخلاف مسلسل آواز بلند
کرنا ہو گی، تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیرمملکت خارجہ امورعادل الجبیرسے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کودرپیش خطرات پرتبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے اوآئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کےلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کاعزم کیا،اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بلانا اور نہتے کشمیریوں کے حق میں آوازاٹھانامثبت قدم ہے،اجلاس سے دنیاکی توجہ مسئلہ کشمیرکی طرف مبذول ہوئی،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے80لاکھ مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں،اوآئی سی کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کےخلاف مسلسل آواز بلند کرناہوگی۔