counter easy hit

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی لائن آف کنٹرول پر غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو بریفنگ اورمقامی آبادی کے ساتھ ملاقات کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت

اسلام آباد(ایس ایم حسنین)  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  5 ا گست کو یوم استحصال سے قبل انتہائی اہم دورے پر آزاد کشمیر میں موجود ہیں جہاں انھوں نے انتہائی مصروف دن گزارا ۔ تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور عسکری حکام کے ہمراہ ایل او سی کے سیکٹر چری کوٹ پہنچے۔ وزیر خارجہ نے غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بھارتی ظلم وجبر کے سامنے ڈٹے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جو مرضی کر لے، پانچ اگست کے اقدام کو کوئی قبول نہیں کرے گا، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری منزل سری نگر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دورہ کا مقصد میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کے سامنے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنا ہے۔ بعد ازاں وزیر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر قائم آبادیوں کے باسیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے اور مظلوم لوگوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بناتے ہیں، آپ کے درمیان بیٹھے یہ زخمی اشخاص ان مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آپ کے عزم و ہمت اور حوصلے کی داد دیتا ہوں۔ انشاء اللہ فتح آپ کی ہوگی کیونکہ آپ حق پر ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ دنیا اپنی تجارتی اور دیگر مصلحتوں کے تحت کھل کر اس پر آواز بلند نہیں کرتی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھی یہ پیغام واضح انداز میں پہنچ چکا ہے۔ بھارت کے پانچ اگست کے اقدام کو تمام کشمیری یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ مساجد پر تالے لگانے سے دلوں اور ذہنوں کو قید نہیں کیا جا سکتا۔ آواز دبائی گئی لیکن سوچ آزاد ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ، عسکری، سیاسی قیادت اور تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر اتفاق رائے رکھتے ہیں۔ ہم آپ کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان بطور سفیر کشمیر اور آپ کا خادم بطور وزیر خارجہ آپ کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں۔ ہم آپ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔ انہوں نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹا تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں۔ اگر حالات معمول پر ہیں تو مساجد کے تالے کھول دو؟ اگر حالات معمول پر ہیں تو شہداء کی میتیں کیوں واپس نہیں کر رہے؟ کیونکہ انہیں ردعمل کا خوف ہے۔ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج بلا وجہ تعینات نہیں کی۔ وہ نفسیاتی طور پر انحطاط کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ آپ نفسیاتی طور پر فتح یاب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کشمیری، پوری پاکستانی قوم اور ہماری مسلح افواج، ہم سب ایک اور یک جان دو قالب ہیں۔ کشمیر ہائی وے، اب سری نگر ہائی وے کہلائے گی کیونکہ ہماری منزل سری نگر ہے۔ وہ دن دور نہیں جب حریت کے جذبے سے لبریز کشمیری سری نگر کی جامع مسجد میں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔قبل ازیں وزیر خارجہ دیگر شخصیات کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس آزاد کشمیر پہنچے جہاں راجہ فاروق حیدر خان نے ان کا پرتاک خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال اور 5 اگست (یوم استحصال) بارے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔  اس کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مظفر آباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں بھی شرکت کی جس میں پانچ اگست کے اقدامات کے حوالے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کی شرکت۔ اجلاس میں تحریک انصاف، مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے نمائندے شریک تھے۔

blob:https://www.facebook.com/cfd7c9b9-dd2a-4747-a5b8-e7edb189f015

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website