بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کا نام تجویز کرنے پر رنبیر کپور کو 5000 روپے انعامی رقم دے دی۔
Shah Rukh Khan gave awards to Ranbir on suggestion the name of the movie
بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان اور انوشکا شرما ہدایت کار امتیاز علی کی فلم میں مرکزی کردار کررہے ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ کافی عرصے سے جاری ہے جس کے باوجود فلم کا نام تجویز نہیں کیا گیا تھا۔
گزشتہ دنوں سلمان خان نے بھی ٹوئٹر پر فلم کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے عوام سے نام تجویز کرنے کا کہا تھا لیکن اب رنبیر کی تجویز پر فلم کا نام ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ رکھ دیا گیا ہے اور فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی تشہیری تقریب میں خود انہوں نے نام رکھنے کا بتاتے ہوئے شاہ رخ خان سے انعامی رقم مانگی تھی۔
شاہ رخ خان نے رنبیر کپور کی خواہش پوری کرتے ہوئے انہیں اپنی فلم کا نام تجویز کرنے پر 5 ہزار روپے بطور انعام دیئے اور اس موقع پر لی گئی تصویر کنگ خان نے ٹوئٹر پر بھی شیئر کی۔ اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان نے لکھا کہ “جگا جاسوس‘‘ کا حساب برابر کردیا ہے لہذا کرن جوہر کا بھی حساب پورا کردینا کیوں کہ ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ میں ’’جب‘‘ انہوں نے لگوایا ہے۔
ہدایت کار امتیاز علی اور رنبیر کپور میں کافی گہری دوستی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہدایت کار رنبیر کی کسی بات کو یکسر مسترد نہیں کرتے ہیں جب کہ ان کی فلم میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے اور فلم 4 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔