ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے طویل فلمی کرئیر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹنے کے ساتھ نہ صرف اداکاری سے اپنا لوہا منوایا بلکہ دنیا بھر میں خوب داد بھی وصول کی لیکن اب بھی سپر اسٹار کا ایک ایسا خواب ہے جسے وہ پورا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
Shah Rukh Khan’s dream
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اپنی نئی ریلیز ہونے والی فلم رئیس کی تشہیر میں بہت مصروف ہیں اور اسی دوران جب ان سے انٹرویو میں پوچھا گیا کہ وہ ہالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں تو اداکار کا کہنا تھا کہ ان کا خواب ہالی ووڈ میں کام کرنا نہیں بلکہ ایک ایسی بھارتی فلم بنانا ہے جو بھارت کے ساتھ پوری دنیا میں پسند کی جائے، میں چاہے اس فلم میں پروڈیوسر، اداکار، لائٹ بوائے، اسپاٹ بوائے یا محض کیمرا مین ہی بنوں۔اداکارسے جب پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون کے ہالی ووڈ میں کام کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے جو بھی کام کیا وہ بہترین ہے، دونوں اداکاراؤں کے ہالی ووڈ میں قدم رکھنے کے باعث بہت سے فنکاروں کے لیے راستے ہموار ہوں گے۔