اسلام آباد: سعودی فرمانروا شاہ سلیمان نے نامزد وزیرِاعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انھیں سعودی عرب دورے کی دعوت دی جسے قبول کر لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نامزد وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے بھی سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی جس کی تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے عمران خان سے گفتگو میں نئی حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم نئی حکومت کیساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کے خواہاں ہیں۔
نامزد وزیرِاعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل میں ہمارا ساتھ دیا، سعودی عرب کی سیکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں، حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔