پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے وزیراعلیٰ شہباز شریف اوراپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشیدکی ملاقات ملتوی ہوگئی، آج ہونے والی ملاقات اب کل ہوگی۔
ادھر سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ کےنام پرغور کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اوراپوزیشن لیڈرخواجہ اظہارکی ملاقات آج ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جانے کا امکان ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ کےلیے وزیراعلیٰ بلوچستان اورقائدحزب اختلاف میں تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں ، ملاقاتوں میں نگراں وزیراعلیٰ کےلیے 5نام شارٹ لسٹ کیے جا چکے ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ کے لیے حکومت نے 3جبکہ حزب اختلاف نے دو نام تجویز کیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے پرنس احمد علی، کامران مرتضیٰ اور علاؤ الدین مری کے نام تجویز کیے گئے جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے اشرف جہانگیر قاضی اور اسلم بھوتانی کے نام سامنے آئے تھے۔
دوسری جانب کراچی میں سندھ اسمبلی اور صوبائی کابینہ کے آخری اجلاس آج ہو رہے ہیں،سندھ اسمبلی کا آخری اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوگا۔
اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جبکہ فوٹو سیشن کے ساتھ اسپیکر ارکان اسمبلی میں اسناد تقسیم کریں گے۔
سندھ کابینہ کا آخری اجلاس وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوگا جبکہ آج رات 12 بجے سندھ اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔