اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ساہیوال میں جو ظلم کیا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود بھی اس قسم کے واقعات پر سیاست کرتے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں شہبا زشریف نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ ہو یا زینب قتل کیس عمران خان نے ان پر سیاست کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ڈرائیور کو دہشت گرد قرار دیا گیا اُس کا بھائی ڈولفن فورس کا اہلکار ہے۔ ساہیوال سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ ساہیوال میں چنگیزیت کی انتہا کی گئی۔ وزیراعظم کو سانحہ کے چوبیس گھنٹے بعد ٹویٹ کرنے کا خیال آیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں بے گناہ افراد کو بےدردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں زندہ بچ جانے والے بچے نے سی ٹی ڈی کے ظلم کا پول کھول دیا۔ حکومت کی جانب سے واقعہ پر بار بار بیانات تبدیل کیے گئے۔ فوٹیج میں دنیا بھر نے دیکھا کہ گاڑی کو ٹکر مار کر ایک طرف لگایا گیا ہے۔ میاں شہبازشریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے واقعہ پر چھ سے سات بار قلابازیاں کیوں کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ساہیوال واقعہ کے حقائق جاننا چاہتے ہیں۔ میاں شہبازشریف نے کہا کہ ساہیوال کے قریب گاڑی پر اندھا فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چار بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں۔