اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں مریم نواز گروپ کی طرف سے شہباز شریف مائنس ہیں۔
سپریم کورٹ اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان نے کہا کہ لندن پلان میں ن لیگ نے نوازشریف کو خود مائنس ون کہا جب کہ مریم گروپ کی طرف سے شہباز شریف مائنس ون ہے، تاہم پی ٹی آئی پانچوں ملزمان کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی جدوجہد کرے گی۔ بابر اعوان نے کہا کہ این آر او شریف خاندان کے اندر ہی ہوگا، لندن پلان کے مطابق احتساب عدالت کے باہر لاکھوں لوگ لانے میں 48 گھنٹے رہ گئے ہیں، عدالت آل شریف کے نام ای سی ایل میں ڈالے اور امید ہے نوازشریف فوری انصاف کے لیے ملک میں ہی قیام کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ قوم شیروں کی بہادری دیکھنے کی منتظر ہے جو بہت جلد الیکشن سے بھاگتے نظر آئیں گے، فوری انتخاب سے شیر کومقبولیت کا پول کھلنے کاڈر ہے اور آئینی بحران کے خاتمے کے لیے قبل از وقت انتخابات واحد راستہ ہے۔