پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ترجمان فواد چوہدری کہتے ہیں کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ وعدے پورے نہ کروں تو میرا نام بدل دیں، اب چاہیں تو وہ اپنا نام شبانہ رکھ لیں۔
فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوازشریف کو اپنی الیکشن مہم معافی سے شروع کرنی چاہئے، ماضی میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کا سہارا لیا، 5 سال میں عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے جمہوریت اور آئین کیلئے جو اپنی پوزیشن واضح کی ہے وہ قابل تعریف ہے، پوری قوم عدلیہ کی مداح ہے،چور، ڈاکو لٹیرے اسمبلیوں میں نہ پہنچیں اس کیلئے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کی اضافی معلومات بھی طلب کرے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان کا کتا شیرو بھی مشہور ہے، عمران خان سے جس کا بھی تعلق ہو وہ مشہور ہوہی جاتا ہے، ریحام کی کتاب کا مواد واہیات اور گھٹیا ہے، ان کی طلاق کو3برس ہوگئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن سے دو ماہ پہلے کتاب کا شوشا چھوڑا گیا ہے،امید تھی ریحام اپنی کتاب کے مواد کی تردید کریں گی، لیکن سوال گندم جواب چنا آیا۔
فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ماضی میں الیکشن سے پہلے بھٹو مرحوم کی جعلی تصویریں پھیلائی گئیں، 1996ء میں عمران خان کے خلاف سیتا وائٹ اسکینڈل لایا گیا کیونکہ وہ سیاست میں آرہے تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کوئی خاتون اس کتاب میں لکھی باتیں اپنے جوان بیٹے اور بیٹی سے ایڈٹ کرانے کا تصور کرسکتی ہے؟ریہام اپنے اخراجات کیسے پورے کررہی ہیں ؟
فواد چوہدری نےمزید کہا کہ کیا اس کتاب کا مواد قبل از انتخابات دھاندلی کے زمرے میں نہیں آتا، کیا اس کتاب پر پابندی نہیں لگنی چاہیے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ رائے ونڈ نیٹ ورک ہے جسے حسین حقانی کے ذریعے آپریٹ کیا گیا،احسن اقبال نے ریحام خان اور مریم نواز کی ملاقات کا بندوبست کیا۔