لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب نے نیب پر پھر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے ڈنڈا اٹھایا تو لوگ ڈر گئے، اچھے بھلے لوگ کام کرنا چھوڑ گئے، ایسے لوگوں کو تسلی دیتا ہوں کہ کھڑے رہو، آپ نے بہترین کام کیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے پی کے ایل آئی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ شہباز شریف مخالفین پر خوب گرجے برسے اور کہا کہ کے پی کے میں 5 سالوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، کراچی کو کرچی کرچی کر دیا گیا۔
شہباز شریف نے قومی احتساب بیورو پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ نیب کی وجہ سے اچھے بھلے لوگ بھی سہم گئے ہیں اور کام کرنا چھوڑ دیا، نیب کو چاہیے کہ جہاں کرپشن ہو وہاں اپنا کردار ادا کرے۔
وزیرِاعلیٰ کی اچانک آمد کی اطلاع پر انسٹیٹیوٹ انتظامیہ پروٹوکول میں مصروف رہی، جس کے باعث مریض خوار ہو گئے۔ پروٹوکول کلچر سے تنگ مریضوں اور ان کے لواحقین ہسپتال کے باہر دہائیاں دیتے رہے۔