میانوالی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کس نے کہا تھاکہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو میرا نام شہبازشریف نہیں اب بتائیں بجلی کہاں گئی، کیا شہبازشریف بجلی شاپنگ بیگ میں ڈال کرساتھ لے گئے۔
میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انتخابی مہم کا آغاز آبائی علاقے میانوالی سے کررہاہوں ،یہ ضلع اس وقت میرے ساتھ تھا جب میں اکیلا تھا اور لوگ مذاق اڑاتے تھے کہ عمران خان کو سیاست نہیں آتی، جو پی ٹی آئی کا پودا میانوالی میں لگا تھا آج یہ ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، میں آپ کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم وہ پاکستان بنائیں گے کہ لوگ بیرون ممالک سے یہاں نوکریاں لینے آئیں گے، ٹکٹوں کی تقسیم پر بہت زیادہ دباؤ تھا مگر پی ٹی آئی اور دیگر پارٹیوں میں فرق یہی ہے کہ تحریک انصاف میں میرٹ پر ٹکٹ دیے جب کہ دیگرپارٹیوں میں رشتے داروں کو ٹکٹ دیے۔
مسلم لیگ(ن) حکومت کی کارکردگی پرعمران خان نے کہا کہ کس نے کہا تھاکہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو میرا نام شہبازشریف نہیں اب بتائیں بجلی کہاں گئی، کیا شہبازشریف بجلی شاپنگ بیگ میں ڈال کرساتھ لے گئے، احسن اقبال کہتے تھے کہ ہم تجربہ کار ٹیم لارہے ہیں ملک کے مسئلے حل کریں گے، ان کے پاس واقعی ایک تجربہ کار ٹیم تھی جسے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا پورا تجربہ تھا، گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان پر قرضہ تیرہ ہزار ارب سے ستائیس ہزار ارب تک پہنچ گیا، شریف بردارن اور ان کے بچے اربوں پتی ہوگئے اور قوم مقروض ہوگئی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں ہے، سب سے پہلے چوری اوراخراجات کم کرکے خسارے کو نیچے لائیں گے اور اداروں کو مضبوط کرکے چوری روکیں گے، نیب اور ایف آئی اے کو مضبوط ادارہ بنائیں گے اور پولیس کو ٹھیک کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستانی سب سے زیادہ خیرات کرتے ہیں مگر سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں کیونکہ گورننس کا نظام ٹھیک نہیں میں وعدہ کرتا ہوں کہ حکومت میں آنے کے بعد 8 ہزار ارب روپے ٹیکس جمع کرکے دکھاؤں گا جب کہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر نوجوانوں کوباعزت اور باوقار روز گار کے قابل بنائیں گے۔