پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف دورہ چین سے واپسی پر بغیر آرام کئے ایئر پورٹ سے سیدھے وزیر آباد پہنچ گئے، وزیراعلیٰ نے گندم خریداری مرکز میں ریکارڈ چیک کرتے ہوئے ایک فوڈ انسپکٹر کو معطل کرنے کا حکم دے دیا اور استقبال کے لیے قالین بچھانے پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب صبح کے وقت دورہ چین سے واپس لاہور پہنچے تھے، لیگی اراکینِ اسمبلی اور سرکاری افسروں نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا ۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت سے دنیا بھر میں مثبت پیغام گیا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مل کر چلیں گے۔