لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سیکیورٹی پر تعینات نفری کو واپس بلا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر حسن عسکری نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد انہوں نے بیورو کریسی میں تبدیلی کے احکامات بھی جاری کیے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو سیکیورٹی دینےسےمتعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں تمام تر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ذاتی رہاش گاہ یا وزیراعلیٰ ہاؤس میں سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب شہباز شریف کی حفاظت پر تعینات سیکیورٹی نفری کو واپس بلا لیا گیا، خادم اعلیٰ کی رہائش گاہ 96 ایچ سے بھی اہلکاروں کو واپس آنے کی ہدایت کردی گئی۔ شہباز شریف کی نفری میں ایلیٹ فورس، اے آر ایف سمیت ضلعی پولیس کے 186 اہلکار اور 12 گاڑیاں شامل تھیں۔واضح رہے کہ شہبازشریف نے 2013 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا جو گزشتہ دنوں آئینی مدت پوری ہونے کے ساتھ ختم ہوگیا، اپوزیشن اور پنجاب حکومت مشترکہ طور پر وزیراعلیٰ کا نام سامنے لانے میں ناکام نظر آئیں تھیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا تھا جس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے ناموں پر غور کیا گیا۔اپوزیشن نے حسن عسکری، ایاز امیر کے نام تجویزکئے جبکہ حکومت نے ایڈمرل(ر)محمدذکااللہ ، جسٹس(ر) سائرعلی کے نام تجویز کئے تھے۔ایڈیشنل سیکریٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا، فیصلہ متفقہ طورپرکیا ، حسن عسکری کا نام پی ٹی آئی نے تجویز کیا تھا۔