کراچی: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ ذرائع نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ شہباز شریف نے این اے 248، 249 اور 250 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب اسے واپس لے لیا گیا ہے۔
شہباز شریف کے لیے الیکشن فارم مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما سلیم ضیاء نے لیے تھے۔ن لیگی سینیٹر سلیم ضیاء نے بھی تصدیق کی ہے کہ شہباز شریف کراچی سےالیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے یہ فیصلہ ن لیگ کی سینئر قیادت سے مشورے کے بعد لیا۔جبکہ دوسری جانب عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون تھی تاہم الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی سہولت کے پیش نظر اس میں تین دن یعنی 11 جون تک کی توسیع کردی تھی۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلے پر اعتراضات کے لیے اپیلیں 22 جون تک دائر ہوسکیں گی اور 27جون تک اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 28جون کو جاری ہوگی۔امیدوار 29 جون کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور 29 جون کو ہی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔30 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔