اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی کمر کی تکلیف میں اضافہ ہوا جس کے بعد وہ پارلیمنٹ سے منسٹر انکلیو روانہ ہو گئے۔ شہباز شریف کی طبیعت خرابی پر آرتھوپیڈک ڈاکٹر کو طلب کیا گیا جس نے شہباز شریف کا معائنہ کیا۔ آرتھو پیڈک ڈاکٹر نے شہباز شریف کو نقل و حرکت محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو کمر میں درد کی شکایت کے باعث پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں شہبازشریف کی ایم آرآئی کی گئی۔ ایم آرآئی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف کے مہروں میں خرابی کی علامات پائی گئیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ شہبازشریف کو کمر میں درد کی شکایت ان کے مہروں میں خرابی کی وجہ سے ہے۔ قبل ازیں پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین میاں شہباز شریف نے پی اے سی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پی اے سی کے چیئرمین شہباز شریف نے کہا کہ بجلی پیداواری کمپنیوں کا مافیا متبادل توانائی کے منصوبے بننے نہیں دیتا۔انہوں نے سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں متبادل توانائی کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور پبلک اکانٹس کمیٹی کے چئیرمین شہباز شریف گذشتہ کافی عرصہ سے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ اس سے قبل شہباز شریف کے خون کے نمونوں میں کینسر کی علامات بھی پائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ میڈیکل بورڈ منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کا طبی معائنہ کر چکا ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف نیب کی حراست میں ہیں اور انہیں پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے اور پبلک اکانٹس کمیٹی کی صدارت کرنے کے لیے لاہور سے اسلام آباد لے جایا جاتا ہے۔