کراچی: پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اورسابق وزیراعظم بے نظیربھٹوکا62 ویں سالگرہ آج(اتوارکو) کوملک بھرمیں عقیدت واحترام سے منایاجائے گا،اس حوالے سے سالگرہ کی مرکزی تقریب انتہائی سادگی سے نوڈیروہائوس لاڑکانہ میں ہوگی ،پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت بینظیر بھٹو کے مزار پرحاضری بھی دے گی۔
بے نظیر بھٹو کے مزارپرقرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کا اہتما م کیا جائے گا اور مغرب کے بعدغریبوں میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت اوررہنمائوںکااہم اجلاس اتوارکو نوڈیروہائوس میں ہو گا، جس کی صدارت میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اورشریک چیئرمین آصف زرداری کریں گے ،اجلاس میں وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ اور دیگر رہنما شریک ہوں گے، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال،صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور دیگر امور پر مشاورت ہوگی۔
بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت کے موقع پر ضلعی ،تحصیل اور وارڈز یا یونین کونسل کی سطح پر کیک کاٹنے کی تقاریب افطار کے بعد منعقد ہوں گی،جس میں پارٹی کے مقامی رہنمااور کارکنان شرکت بھی کریں گے۔سابق صدراورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کااہم اجلاس آج (اتوار نوڈیرو) میں طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا اور ارکان سندھ اسمبلی شریک ہوں گے۔اجلاس کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور آصف زرداری کے فوج سے متعلق متنازع بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرمشاورت کی جائے گی۔
پیپلزپارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کے 62ویں یوم ولادت کے موقع پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی جانب سے ایک جمہوری پاکستان کیلیے 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں چھوڑے گئے مشعل کومضبوطی سے آگے لے جائیں گے۔
شہید بے نظیر بھٹو اس ملک کے ہر گھر میں ایک بیٹی،ایک بہن اور ایک ماں کی حیثیت میں موجودہیں اور وہ ہی ان کی میراث کو آگے لے جائیں گی۔ شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ پرپیغام میں پاکستان پپلزپارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزیدکہاکہ میری ماں نے اس ملک کے آمروں کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی اور تاریخ میں ایک عظیم مقام حاصل کیا۔