لندن برطانیہ : جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ریاست کے خطہ گلگت بلتستان کے ترقی پسند اور عوامی رہنما بابا جان کو انتخابات سے باہر رکھنے کیلئے تمام یکطرفہ اور جانبدارانہ سیاسی ہتھکنڈوں اورنااہل انتظامیہ کی سازشوں کے ذریعے ہونے والی قانونی قدغنوں کی پرزور مذمت کرتی ہے۔
ہم ریاست جموں کشمیر کے ہر حصے پر مسلط کاسہ لیس حکمرانوں اور انتظامیہ پرواضح کرتے ہیں کہ حق و سچ کی آواز کو دبانا اب کسی طوربھی ممکن نہیں اور ایسے ہی بابا جان ہر جگہ اور ہر دور میں انکے استحصالی نظام کو للکارتے رہیں گے۔
نام نہاد آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن کوروائتی اورغیر ریاستی جماعتوں نے بازار نیلامی میں بدل دیا ہے جس میں بولی لگا کرانتخابی ٹکٹوں کا کاروبار ہو رہا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ ایسے نااہل امیدواروں کو مسترد کر دیں اور نیشنل عوامی پارٹی کا ساتھ دیں۔
شہید کشمیر مقبول بٹ کے فرزند شوکت مقبول بٹ ہماری مرکزی قیادت کا لازمی حصہ اور پارٹی کی پہچان ہیں۔ ایسی بے داغ قیادت کسی بھی پارٹی کی ضرورت تو ہوتی ہے لیکن کوئی پارٹی انکی ضرورت کبھی نہیں ہوا کرتی۔
شوکت مقبول بٹ کیلئے کسی قسم کی نازیبا زبان کا استعمال یا کردار کشی کی کوشش کوجموں کشمیر نیپ کے خلاف سازش تصور کیا جائیگا اور ہماری صفوں میں موجود چند ایسے تخریبی اور سازشی عناصر کے بے نقاب ہونے پرسخت ترین تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ بے لوث اور مخلص کارکنان نے ہی ہماری پارٹی کو متحد رکھنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ دولت و شہرت کی حرص و حوس ہر انقلابی جماعت کیلئے ہمیشہ زہر قاتل ثابت ہوئے ہیں۔