پٹنہ (پریس ریلیز) شاہین چلڈرن سرکل”(جماعت اسلامی، پٹنہ) کے تحت ہونے والا بچوں کا دوسرا تربیتی پروگرام آج یہاں مرکز اسلامی ،ٹکاری روڈ ،پتھر کی مسجد پٹنہ۔ 6 میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں 5 سے 10 سال تک کے مختلف اسکول کے بچوں نے حصہ لیا۔
پروگرام کا آغاز بیکن پبلک اسکول کے مصعب علی نے سورہ اخلاص کی تلاوت سے کیا ۔ جس کے بعد الحراء پبلک اسکول شریف کالونی کے عبداللہ جاوید نے اس کا ترجمہ پیش کیا۔ الحراء پبلک اسکول ، شاہ گنج کی امامہ فاطمہ نے انگریزی تقریر کے بعد القلم پبلک اسکول، عالم گنج کے طالب علموں نے بھی اپنے پروگرام پیش کئے۔
جماعت اسلامی، پٹنہ کے امیر مقامی نے بچوں کو ایک تربیتی کہانی سنائی اور انہیں بتایا کہ انسان کی عزت جب ایک دفعہ چلی جاتی ہے تو دوبارہ واپس نہیں آتی۔ انہو ں نے بچوں کو بتایاکہ آپ اپنے درجات میں کوئی ایسی حرکت نہ کریں کہ جس سے آپ کی عزت مجروح ہو۔ واضح رہے کہ شاہین چلڈرن سرکل(جماعت اسلامی، پٹنہ) کے تحت بچوں کا تربیتی پروگرام ہر اتوار کو ساڑھے نو بجے صبح مرکز اسلامی، ٹکاری روڈ، پتھر کی مسجد ،پٹنہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بچوں میں اسلامی اقدار کا تحفظ اور ان کی اسلامی نہج پر تربیت کرنا ہے۔
مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ گارجین اور اسکول کے ذمہ داروں کی طرف سے تاثرات موصول ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت ایک مشکل کام ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ شاہین چلڈرن سرکل اپنے مقصد میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر اسلامی اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو اس تربیتی پروگرام سے جوڑانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ کہ وہ ان بچوں کو اس پروگرامیں لانے کی کوشش کریں جو مشنریز اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ آئندہ اتوار یعنی 8مئی کا پروگرام چند ناگزیر وجوہ سے ملتوی کر دیا گیاہے۔ یہ پروگرام اب 15مئی کو ہوگا۔ اس پرگرام کا موضوع رمضان اور قرآن ہے۔جس میں بچوں کے درمیان ایک کوئز بھی کرایا جائے گا۔ کوئز کے سوالات رمضان اور قرآن پر ہوں گے۔
اس موقع پر مختلف اسکولوں کے ڈائرکٹر ، پرنسپل اور ذمہ داران علاوہ بچوں کے والدین اورشہر کے معروف سماجی اور مذہبی رہنماء موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت کا فریضہ سرکل کے سرپرس اور الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی کے ڈائرکٹر محمدانور نے انجام دیا۔