پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی جب کہ کپتان محمد حفیظ کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 221 رنز کا ہدف پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور محمد حفیظ نے انتہائی پر اعتماد انداز میں کیا اور 68 رنز کی شراکت قائم کی تاہم شرجیل خان 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم نے 34 رنز بنائے، حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف 220 رنز پر آؤٹ ہو گئی، آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیون اسمتھ کے سوا کوئی بھی بلے باز پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، کینگروز کپتان نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا لیکن جنید خان نے دونوں ابتدائی بلے بازوں کو 40 رنز پر پویلین بھیج دیا، وارنر 16 جب کہ عثمان خواجہ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عامر نے نئے آنے والے بلے باز مچل مارش کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کر دیا جب کہ 86 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے ٹریوس ہیڈ کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ عماد وسیم نے 128 رنز پر گلین میکسویل کو کلین بولڈ کردیا، انہوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کو 193 رنز پر عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا جب کہ میتھیو ویڈ کو بھی 35 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک نے بولڈ کیا۔ مچل اسٹارک کو جنید خان نے رن آؤٹ کیا جب کہ پیٹ کمنز اور جیمز فالکنر کو عامر نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، جنید خان اور عماد وسیم نے 2،2 جب کہ شعیب ملک اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
About MH Kazmi
Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276