لاہور: پاکستان کا دورہ کرنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی بھی سری لنکن ٹیم کے شکرگزار ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ 2009 میں جس ٹیم پر حملے کے بعد ملکی میدان ویران ہوئے،اسی نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے مثالی تعاون کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلا،کسی صف اول کی ٹیم کا پاکستان آنا بڑی خوشی کی بات ہے۔ اب وقت آگیا کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی میچز کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان محفوظ اور پُرامن ہے۔ ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ نوجوان لڑکوں کا تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنا مستقبل کے لیے بڑا خوش آئند ہے،امید ہے کہ وقت کے ساتھ کھیل میں مزید نکھار آتا جائے گا۔