کراچی (نیوز ڈیسک) سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے بطور قوم وزیر اعظم کے کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے مطالبے میں ساتھ دیں۔میں جمعہ کو 12 بجے مزار قائد پرہوں گا۔کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میرے ساتھ
شامل ہوں۔6 ستمبر کو میں ایک شہید کے گھر جاؤں گا۔میں جلد ہی ایل او سی کا دورہ کروں گا۔
۔واضح رہے کہ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے ہر جمعہ کو ساری قوم کو کشمیریوں کے لیے گھروں سے باہر نکلنے اور احتجاج کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہر ہفتے کو ہمیں آدھا گھنٹا کشمیریوں کے لیے وقف کرناہوگا۔ کشمیریوں کے لیے جمعہ کو 12 سےساڑھے 12 بجے تک سرکاری دفاتر میں کام روکیں اور باہر نکلیں۔انہوں نے واضح اعلان کیا تھا کہ چاہے یہ دنیا کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ ہو یا نہ ہو ہم مسئلہ کشمیر کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔جب کہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم پر تنقید بھی کی گئی۔ لیگی رہنما مصدق ملک نے سوال اٹھایا ہے کہ جمعہ کو باہر کھڑے ہونے سے کیا مقبوضہ کشمیرمیں بچیوں کے ریپ بند ہوجائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ایسا کریں کہ جن کی بچیوں کا ریپ ہورہا ہے ان لوگوں کیلئے کیمپ کھول دیں تاکہ وہ ہجرت کرسکیں، وہ ایسے حالات میں کہا ں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم جمعہ کوباہر کھڑے ہونگے لیکن اس کیا ہوگا؟ اس سے کیاوہ بچیاں جن کا مقبوضہ کشمیرمیں ریپ ہورہا ہے، وہ رک جائے گا یا تو پھر ان لوگوں کیلئے کیمپ کھول دیں تاکہ وہ ہجرت کرسکیں جس کی بچیوں کا ریپ ہورہاہے وہ کہاں جائے گا؟ خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 27ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس تک ہر ہفتے بھارتی مظالم کے خلاف پاکستانی قوم یک زبان ہو کر آواز بلند کرے گی۔