سمستی پورا ( کامران غنی) عید الضحیٰ ، گاندھی جینتی اور لال بہادر شاستری جینتی کے موقع پر شاہ پور بگھونی، تاجپور ، سمستی پور میں سوشل ڈائس کے زیر اہتمام ایک آل بہار مشاعرہ و کوی سمیلن کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرہ کے کنوینر اور سوشل ڈائس کے صدر شکیل الرحمن نے تمام شعراء کا استقبال کیا اور مشاعرہ کی اہمیت پر مختصر لفظوں میں اظہار خیال کیا۔
معاون کنوینر ڈاکٹر بسمل عارفی نے گنگا جمنی تہذیب کو زندگی عطا کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام کرتے رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر قیصر صدیقی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ناشاد اورنگ آبادی شریک ہوئے۔ رات کے دو بجے تک کامیابی کے ساتھ چلنے والے اس مشاعرے کی نظامت اثر فریدی نے بڑے ہی انوکھے انداز میں کی۔
مشاعرے میں شریک ہونے والے شعرا کے اسمائے گرامی ہیں قیصر صدیقی، ناشاد اورنگ آبادی، ڈاکٹر بسمل عارفی، اثر فریدی، علی احمد منشائ، ایمل ہاشمی، بدر محمدی، مظہر وسطوی، کیف احمد کیفی، وشنو کمار کیڈیا، شنکر اگیانی، ساغر سمستی پوری، جوہر کواروی، محمد عارف دم دلی بگھونوی، حسرت بگھونوی، عرفان دلکش، اکبر ندوی وغیرہ۔ مشاعرے میں پسند کئے جانے والے اشعار درج ذیل ہیں۔
قیصر صدیقی
صورت خاکستر پروانہ ہو جائوں گا میں
کچھ دنوں کی بات ہے افسانہ ہو جائوں گا میں
اثر فریدی
پڑوسیوں کا ضروری ہے حق ادا ہونا
بغیر اس کے تو حج بھی ادا نہیں ہوتا
ڈاکٹر بسمل عارفی
رنگ کھلتا ہے کہاں شام سے پہلے اس کا
شام ہی دیر سے آتی ہے غضب ہے سائیں
مظہر وسطوی
یہاں ہر چیز نقلی ہے محبت بھی تعلق بھی
چلو اس بات کا بازار میں اعلان ہو جائے
بدر محمدی
تمہاری یاد یوں احساس تنہائی بڑھاتی ہے
کہ جیسے قیمتیں چیزوں کی مہنگائی بڑھاتی ہے
ناشاد اورنگ آبادی
جی چاہتا ہے چوم لوں بڑھ کے جبینِ ناز
سب کچھ لٹا دیا ہے تو حاصل ہوئے ہیں آپ