نئی دلی……بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج دورہ پاکستان اورہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئیں، پاکستانی وزارت خارجہ کے سینئرحکام نے سشماسوراج کا استقبال کیا۔ اسلام آباد آمد پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج کا کہنا تھا کہ یہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ دونوں ملکوں کے درمیان رشتے اور اچھے ہوں، وزیراعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزيز سے ملاقات ہوگی ، بات کیا ہوگی یہ جاتے وقت پتا چلے گا۔ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ کانفرنس اہمیت کی حامل ہے اس لیے یہاں آئی ہوں ، چونکہ یہ کانفرنس پاکستان میں ہورہی ہے ، اس لیے لازمی ہے کہ پاکستانی وزیراعظم اور اپنے پاکستانی ہم منصب سے بھی ملوں۔ سشما سوراج نئی دلی سے خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز کا اعلان بھی متوقع ہے۔بھارتی وزیر خارجہ کے دورے سے پاکستان اور بھارت کےدرمیان تعلقات میں بہتری کا امکان ہے۔