اسلام آباد (یس ڈیسک) آرمی ایکٹ اور آئین میں اکیس ویں ترمیم کی منظوری کے بعد رضا ربانی نے نم آنکھوں کے ساتھ اظہار خیال کیا۔
فوجی عدالتوں کے حق میں ووٹ دینے پر شرمندگی کا اعتراف کرتے ہوئے بھی ان کے آنسو واضح دکھائی دیئے۔ رضا ربانی کے خطاب سے ایوان کا ماحول افسردہ ہو گیا خطاب ختم کرتے ہی وہ باہر چلے گئے۔
نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے کہا کہ آج ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ترامیم ضرورت بھی تھیں اور مجبوری بھی تاہم انہیں منظور کر کے زیادہ خوشی نہیں ہوئی۔ اے این پی کے افرسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بنائی عدالتیں روایتی فوجی عدالتوں سے مختلف ہونگی اسی لئے ان کی حمایت کی ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن طاہر مشہدی نے کہا کہ دہشتگردوں نے قوم کی غیرت کو للکارا ہے اب عوام اور فوج حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ طاہر مشہدی نے کہا کہ دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے حامیوں کا بھی خاتمہ ہونا چاہیے۔