ماسکو : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ضروری ہے اس کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم مددگارثابت ہوگی۔
روس کے خبررساں ادارے کوانٹرویو میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ضروری ہے۔
اس کے لئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تنازعات حل کئے جانے چاہئیں کیونکہ ترقی اورمعاشی خوشحالی پڑوسی ممالک کے بہترتعلقات سے ہی ممکن ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم پاک بھارت باہمی اعتماد بڑھانے میں مددگارہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روس سے دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دارایٹمی طاقت اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے،ہم جوہری توانائی کے عدم پھیلاؤ سے متعلق قوائد و ضوابظ پرسختی سے کاربند ہیں، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ہمیں جوہری توانائی کی سلامتی اورحفاظت کا پاکستان کو چالیس سال کا تجربہ ہے، دہشت گردوں کی ان تک رسائی سے متعلق افواہیں بے بنیاد اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم اپنا ناروے کا دورہ مکمل کرنے کے بعد روس جائیں گے جہاں وہ دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے،9 جولائی سے شروع ہونے والی کانفرنس کے دوران وزیراعظم نوازشریف کئی عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔