سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما معاملے پر شریف برادران نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے.
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں، سپر پاور پاکستان سے کھیل رہے ہیں، قطر ناصرف ہمارا برادر ملک ہے بلکہ نواز شریف کا محسن ملک بھی ہے، قطر اور سعودی عرب کے درمیان معاملات پر وہ خود اور ان کی سیاسی جماعت بہت پریشان ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ شریف برادرن نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، دونوں بھائیوں کو اندازہ نہیں تھا کہ جے آئی ٹی تہہ تک جائے گی اور اب خود کو بچانے کے لیے شریف برادران ڈرامے کر رہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ عدلیہ یا اداروں کو غصہ آئے اور وہ کچھ کہے جس سے انہیں موقعہ ملے۔ حکومت کا ججز کے ساتھ رویہ عام آدمی بھی محسوس کر رہا ہے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی خاطر میاں صاحب استعفیٰ دیں۔