لاہور: وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے قریبی رشتے داروں کو لاہور ہائی کورٹ نے اپنی پانچ شوگر ملز نئے مقام پر منتقل کرنے سے روک دیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین، انڈس شوگر ملز اور آر وائی کے شوگر ملز کے مالکان نے 6 دسمبر 2006 کو پٹیشن دائر کی تھی جس میں موقف اختیار گیا گیا تھا کہ پنجاب انڈسٹریز (کنٹرول آن اسٹیبلشمنٹ اینڈ انلارجمنٹ) آرڈیننس 1963 کے تحت پابندی کے باوجود شریف خاندان پانچ شوگر ملز کو دوسری جگہ منتقل کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ درخواست گزاروں نے الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان ملز کی منتقلی کی آڑ میں نئی شوگر ملز لگانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے اور انہوں نے 4 دسمبر 2015 کو اس حوالے سے انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفیکیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔