مصباح کے پاس سب سے زیادہ ٹیسٹ جیتنے کا اعزاز ، ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کر کے وسیم اکرم کے بعد دوسرے پاکستانی کپتان بن سکتے ہیں
لاہور : ٹیم پاکستان شارجہ ٹیسٹ جیتنے کا عزم لے کر میدان میں اتری ہے ۔ شارجہ ٹیسٹ جیت کر مصباح الیون کے پاس تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم لگاتار دس انٹرنیشنل میچز اپنے نام کرچکی ہے ۔ شارجہ میں شاہینوں کے پاس لگاتار تیسری سیریز میں کلین سویپ کرنے کا سنہری موقع ہے ۔ کالی آندھی کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں تین صفر کی خفت کا سامنا کرنا پڑا ۔ شارجہ ٹیسٹ میں مصباح الحق نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ۔ انچاس ٹیسٹ میچز میں قیادت کے فرائض انجام دے کر عمران خان کا ریکارڈ توڑ ڈالا ۔ بیاس سالہ مصباح الحق کو سب سے زیادہ چوبیس ٹیسٹ میچز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ وہ ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنے والے دوسرے قومی کپتان بن سکتے ہیں ۔ پاکستان نے انیس سو ستانوے میں وسیم اکرم کی قیادت میں کالی آندھی کو تین صفر سے کلین سویپ کیا ۔ پشاور ، راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچز میں مہمان ٹیم کو یک طرفہ مقابلوں کے بعد شکست کا مزہ چکھنا پڑا ۔