پیرس ، شوکت خانم کراچی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ میں حصہ لینا ہر محب وطن کا قومی فریضہ ہے ، 5اپریل 2019 ذائقہ ریسٹورنٹ میں چیرٹی شو کا انعقاد، مشتاق جدون
پیرس (نمائندہ خصوصی) پیرس کے ممتاز سماجی راہنما مشتاق جدون نے پیرس میں شوکت خانم کراچی کی فنڈ ریزنگ کی مہم کو تیز ترین کرنے پر زور دیتے ہوئے اسے قومی فریضہ قرار دیا۔ اس مقصد کیلئے انھوں نے پیرس کے معروف ذائقہ ریسٹورنٹ میں 5اپریل شام 7 بجے ایک چیرٹی شو کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اوورسیز کمیونٹی اس شو میں بھرپور شرکت کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کرے۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کراچی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اورخالص اللہ کریم کی رضا کیلئے ہے اور صدقہ جاریہ ہے جو آنے والی نسلوں کی بہتری کا عظیم منصوبہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر خاص و عام پاکستانی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔ اس کی تعمیر کے لیے تمام وسائل اورذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ فنڈ ریزنگ مہم نہ صرف ایک قومی کمپین بن چکی ہے بلکہ ایک انسانیت کی بنیاد بنتی جا رہی ہے ۔نیک نام اور سخی پرور تارکین وطن دل کھول کر اس فنڈ ریزنگ مہم میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات کی قلت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کے شہروں اور دیہات میں ہرسطح پر صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے اور کینسر کے سستے علاج معالجہ کو قابل عمل بنانا ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس حوالے سے عظیم مقصد کا آغاز ہوچکا ہے۔
فنڈ ریزنگ کیلئے ہونے والے چیرٹی شو کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشتاق خان جدون اور آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ مبارک جدون نے کہا کہ پیرس کے معروف ذائقہ ریسٹورنت میں پانچ اپریل کو شام سات بجے ہونے والے شوکت خانم فنڈ ریزنگ پروگرام کے حوالے سے کمیونٹی کی طرف سے بھرپور تعاون سامنے آرہا ہے۔
اس چیرٹی شو میں پیرس میں موجود سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی شخصیات سمیت پاکستانی اہم شخصیات اور ہر عمر کے افراد بھرپور شرکت کریں گے۔ پروگرام میں داخلہ فیس انتہائی مناسب پچیس ، پچاس اور سو یورو ہوگی۔ پہلی قطار کی نشستوں کے لیے پلاٹینیم ،درمیان والی نشستوں کے لئے گولڈ اور ان سے پیچھے والی نشستوں کے لئے سلور ٹکٹس کا اجراء کیا جاچکا ہے اور ان کی فروخت جاری ہے۔ کوئی شخص کسی بھی کٹیگری کا ٹکٹ خرید سکتا ہے۔اسٹیج پر پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ والی نشستوں کے لئے وی وی آئی پی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے ، پانچ ہزار یورو ڈونیشن دینے والی شخصیت وی وی آئی پی کٹیگری میں شامل ہوگی۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ مبارک خان جدون نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال عالمی شہرت یافتہ چیرٹی کمپین ہے اورپوری دنیا میں اس خیراتی ادارے کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے ہر خطے میں اس کی خدمات بہم پہنچانے کیلئے بیڑا اٹھایا گیا ہے اور انشااللہ اس کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیا جائیگا۔