لندن (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سردار نیاز نے کہا کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی عظیم قائد بابائے قوم مقبول بٹ شہید کے سچے نظریات پر مبنی ایک تحریک بن چکی ہے جو مادر وطن ریاست جموں و کشمیر کی وحدت ،آزادی و خود مختاری ، خوشحالی ، کے لئے برسرپیکار ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہر اس جدو جہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی بیرون ممالک برانچوں نے بھی جو کردار ادا کیا اس کی بھی مثال نہیں ملتی اس کے لئے دیار غیر میں بسنے والے تمام پارٹی کارکنان مبارک کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی ہمیشہ یہی پالیسی رہی ہے کہ برطانیہ، یورپ ، مشرق وسطیٰ اور دیگر بیرون ملک تمام برانچوں کی کابینہ اور قیادت پارٹی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے تمام فیصلوں میں آزاد ہیں۔ بیرون ملک برانچیں چھوٹے اور بڑے فیصلوں کیلئے پارٹی مرکز کو مداخلت پر مجبورکرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے انکے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔
ذاتی عناد اور مفادات کی بنیاد پر پارٹی آئین کی خلاف ورزی اور پارٹی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف مرکز سخت تادیبی کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ برطانیہ برانچ کی قیادت اگر مقامی سطح کے فیصلوں میں ناکام ہوتی ہے تو پارٹی کے وسیع تر مفاد کیلئے مرکز مداخلت کرتے ہوئے ناصرف وہاں آئندہ کنونشن بلکہ برانچ کابینہ کو بھی موخر اور معطل کر سکتا ہے۔
تمام پارٹی کارکنان کو باور کرایا جاتا ہے کہ بطل حریت شہید کشمیر مقبول بٹ کے فرزند شوکت مقبول بٹ ہماری پارٹی اور قوم کا عظیم اثاثہ ہیں اور انہوں نے جو اعتماد ہم پر کیا ہے ہم انکی عزت، احترام اور اعتماد کو ہر صورت بحال رکھیں گے۔ برطانیہ برانچ کی قیادت شوکت مقبول بٹ کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تمام اہم فیصلوں میں ان سے رہنمائی حاصل کرے۔