اثاثہ جات کا معاملہ میاں بیوی کا ہوتا ہے ، پہلے عدالت کو مطمئن کریں درخواست قابل سماعت ہے کہ نہیں :جسٹس سجاد علی شاہ ، جسٹس ذوالفقار کے ریمارکس
کراچی (یس اُردو) سندھ ہائی کورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف اور پانامہ لیک کے خلاف درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔ سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس ذوالفقار پر مشتمل دو رکنی بینچ میں وزیر اعظم نواز شریف اور پانامہ لیک کے معاملے پر مولوی اقبال حیدر کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔ چیف جسٹس نے درخواست گذار سے سوال کیا کہ وزیر اعظم کے ظاہر کردہ اثاثوں کا ڈیکلریشن کہاں ہے ۔ جس پردرخواست گذار نے جواب دیا کہ ڈیکلریشن الیکشن کمیشن کے پاس ہوگا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اثاثہ جات کا معاملہ میاں اور بیوی کا ہوتا ہے بچے کہاں سے آگئے ۔ آپ پہلے عدالت کو مطمئن کریں کہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں ۔ بعد میں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ۔