لاہور (نیوز ڈیسک ) شہباز شریف کی طبیعت بگڑ گئی، رہائش گاہ پر ڈاکٹرز طلب، لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود صدر مسلم لیگ ن شدید کمزوری کا شکار ہوگئے، ڈاکٹرز نے ڈرپ لگانے کے علاوہ ادویات تجویز کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں ڈرپ لگائی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود شہباز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کے بعد ڈاکٹرز کو طلب کیا گیا۔ڈاکٹرز نے شہباز شریف کا مکمل طبی معائنہ کیا اور انہیں ڈرپ لگائی۔ شہباز شریف نے حال ہی میں کرونا وائرس کو شکست دی تھی، تاہم مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انہیں شدید کمزوری کی شکایت ہے۔ ڈاکٹرز نے شہباز شریف نے ادویات تجویز کی ہیں اور آرام کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ دوسری جانب قومی احتساب بیورو( نیب)کی دستاویزات کے مطابق منظور پاپڑ فروش سے شہباز شریف فیملی کو کروڑوں ڈالر منتقل ہوئے ۔ایک نجی ٹی وی نے نیب دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ منظور پاپڑ فروش کے نام سے ایک کروڑ 60 لاکھ 86 ہزار435 امریکی ڈالرزمنتقل ہوئے۔ 12ٹرانزیکشن کے ڈالرزکی قیمت پاکستانی کرنسی میں8 کروڑ 8 لاکھ 26 ہزار141 روپے بنتی ہے۔منظور پاپڑوالے کے نام سے 12 ٹرانزیکشن2007-08ء میں ہوئیں، ٹرانزیکشن سلمان، حمزہ اور رابعہ عمران کے اکائونٹس میں ہوئیں۔سلمان شہباز کے اکائونٹ میں9لاکھ 7 ہزار 15 ڈالرز منتقل ہوئے جن کی مالیت 6 کروڑ 29 لاکھ 75 ہزار 524 روپے بنتی ہے۔حمزہ شہباز کو ایک لاکھ 67 ہزار 980 ڈالر منتقل ہوئے جن کی مالیت ایک کروڑ ایک لاکھ 24 ہزار 155 روپے جبکہ رابعہ عمران کے اکائونٹ میں 2 لاکھ 40 ہزار 920 ڈالرز منتقل ہوئے جن کی مالیت ایک کروڑ 70 لاکھ 83 ہزار 696 روپے بنتی ہے۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے شہبازشریف خاندان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے شہبازشریف فیملی کیخلاف دستاویزات سامنے لائی گئی تھیں۔ نیب دستاویز کے مطابق حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو بے نامی کمپنیوں گُڈ نیچر اور میسرز یونی ٹاس کے اکاؤنٹس سے 5 ارب روپے منتقل ہوئے تھے۔ نیب نے بتایا تھا کہ سلمان شہباز کی کمپنی کے ملازم ملک مقصود کے اکاؤنٹ سے شریف فیملی کو 3 ارب 30 کروڑ روپے منتقل ہوئے اس کے علاوہ سلمان شہباز کو بیرون ملک سے 58 کروڑ 27 لاکھ 45 ہزار 451 روپے آئے۔