ڈی جی خان(خصوصی رپورٹ :اصغر علی مبارک) مسلم لیگ ن کے صدراور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے الزامات کی انکوائری کیلئے چیف جسٹس کرجلد خط لکھوں گا،نیب میں ملتان میٹروکا کیس چل رہا ہے اگرکرپشن ثابت ہوجائے توسیاست چھوڑ دوں گا،ورنہ عمران خان کان پکڑیں اور کسی درگاہ میں بیٹھ جائیں،زرداری اور عمران نے گٹھ جوڑ کرلیا کہ صرف پنجاب میں کیڑے نکالنے ہیں،اگلے الیکشن میں مسلم لیگ ن تمام سیاسی مخالفین کاصفایا کردے گی۔
انہوں نے آج ڈی جی خان میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کاعوام کاجوش وولولہ دیکھ کرلگتا ہے کہ اگلے الیکشن میں مسلم لیگ ن تمام سیاسی مخالفین کاصفایا کردے گی۔آئندہ بھی مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ کن لوگوں نے عوام کی خدمت کی اور دن رات ایک کرکے ترقیاتی منصوبوں کومکمل کیا اور کن لوگوں نے ملک کی دولت لوٹا ہے۔
اگلے تین مہینوں میں یہ فیصلہ آنے والا ہے۔ہم نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کی خدمت کی۔2010ء کاسیلاب تھا یا کوئی طوفان آیا میں جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ تھا۔انہوں نے سرائیکی میں بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کولاہور کے برابر کر کے رہوں گا۔یاری لگاکرنبھاؤں گا۔یاری لگ گئی ہے زندگی میں کبھی نہیں ٹوٹے کی۔دانش سکول بنائے۔ڈی جی خان میں 47ارب کی سرمایہ کاری کی ہے۔
ہسپتالوں پرکام کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آؤ اکر دیکھویہاں ہسپتال ،سکول اور دانش سکول اور سڑکیں بھی ہیں۔آپ نے اپنے صوبوں میں کیا کیا؟ صرف قوم کاوقت ضائع کیا ہے۔لیکن ہم نے دن رات کام کیا۔صدر ن لیگ نے کہاکہ آج زرداری اور نیازی اکٹھے ہوگئے ہیں۔دونوں کی جوڑی نے گٹھ جوڑ کرلیاہے۔زرداری صاحب اور عمران خان ایک دوسرے کوکہتے ہیں ہم نے سندھ اور کے پی کے میں کوئی تنقید نہیں کرنی۔
جبکہ پنجاب میں کیڑے نکالنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قائداعظم اور بزرگوں کی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا۔آج اگر ہم نے پاکستان کوعلامہ اقبال اور قائداعظم کاپاکستان نہ بنایا تومعافی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی نے الزام لگایا کہ ملتان میٹربس میں کمیشن ،کک بیک یا رشوت لی ہے۔میں کہتا ہوں کہ خان صاحب آپ دبا کرجھوٹ بولتے ہیں ۔
بلکہ ثابت ہوگیا کہ آپ ایک ارب نہیں بلکہ جھوٹ جھوٹ بولتے ہی جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ شہبازشریف کیخلاف ایکشن لیں۔لیکن میں چیف جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان کی درخواست پرفوری 17ججز کافل کورٹ بنچ تشکیل دیں اگر شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نکل آئے توہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔
لیکن اگرعمران خان جھوٹے ثابت ہوئے توپھر ان کی سزا قوم تجویز کردے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ یہ جھوٹے لوگ مجھے ان کاموں میں لگاکرالجھانا چاہتے ہیں لیکن میرے پاس وقت نہیں ،میں عوام کہ خدمت کرنا چاہتاہوں۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان کوخط لکھ کربھیجوں گا کہ مجھ پرالزامات جولگائے گئے ہیں ان کی انکوائری کروائی جائے۔لیکن آپ نے پھر بھاگ جانا ہے ۔
کیونکہ آپ بھگوڑے ہیں۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ نیب نے ملتان میٹرو کاکیس ہاتھ میں لے لیا ہے۔50،60لوگوں کی پیشیاں ہوبھی چکی ہیں۔ وہ تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لے آئیں میں پھر بھی سیاست چھوڑ دوں گا۔ورنہ خان صاحب آپ کسی دربار میں بیٹھ کراللہ اللہ کریں سیاست آپ کاکام نہیں ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ عدلیہ ہویا افواج پاکستان ہوہمارے لیے معزز ادارے ہیں۔عدلیہ ،افواج پاکستان اور پارلیمنٹ سے مطالبہ کرتاہوں کہ آؤ مل بیٹھیں۔ججز اور جرنیلوں سے درخواست ہے کہ قوم پررحم کریں ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔زرداری اور عمران خان نے ملک کابیڑہ غرق کردیاہے۔