لاہور(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ میاں شہباز شریف نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چودھری سالک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، اور ان کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ میڈیا رپورٹس کے
مطابق صدر ن لیگ شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری سالک حسین کو ٹیلی فون کیا۔شہبازشریف نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ بتایا گیا ہے کہ میاں شہبازشریف نے چودھری شجاعت کی صحت میں بہتری پراطمینان کا اظہار کیا۔ سالک حسین نے شہبازشریف کو شجاعت حسین کی صحت اورعلاج سے متعلق آگاہ کیا۔ چودھری سالک نے بتایا کہ چودھری شجاعت حسین علاج کے سلسلے میں ان دنوں جرمنی میں ہیں۔میاں شہبازشریف نے چودھری شجاعت حسین کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔چودھری شجاعت حسین سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ ہیں، تاہم علالت کے باعث بیرون ملک علاج کیلئے مقیم ہیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت کی سوشل میڈیا پر وفات کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں کو حراست لے لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی ایآصف اقبال کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ دنوں پہلے چوہدری شجاعت کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلائی گئی جس میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزمان میں غلام رسول، شیراز علی اور علی شہزاد شامل ہیں جو گجرات کے رہائشی ہیں، تینوں ملزمان سے تحقیقات کی جارہی ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کی جانب سے ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی درخواست کی گئی تھی۔