چوہدری شیر علی جیسے لیگی راہنمائوں نے جسے قاتلوں کا سرپرست کہا اس کا بری ہونا پاکستانی عدالتی نظام پرسوالیہ نشان ہے، شیخ نعمت اللہ
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے کوآرڈینیٹر شیخ نعمت اللہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ جیسے مذہبی منافرت، پیشہ ورقاتلوں اور مافیاز کے سرغنہ کو عدم ثبوتوں کی بنا پر بری کرنا پاکستان کے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چالیس سالوں میں ملک میں جس طرح میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں اس سے پاکستان کے عدالتی نظام کا بری طرح متاثر ہونا بنتا ہے لیکن جن لوگوں کے نام کے ساتھ جسٹس لگتا ہے انھیں اپنے رتبے کیساتھ انصاف کرنا چاہیے ۔ جس شخص کیخلاف چوہدری شیر علی جیسے لیگی راہنما بھی کھل کر بولتے ہیں اور اس کے کالے کرتوتوں کے گواہ ہیں اس کیخلاف عدالت کے پاس کوئی ثبوت نہیں یہ بات انتہائی حیران کن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اس نظام کی سرجری کا آغاز ہوچکا ہے اور انشااللہ باقی اداروں اورمحکموں کی طرح عدلیہ کے نظام کی بھی سرجری کی جائیگی اور ججز کے نام پر جو مافیاز کے سہولتکار بیٹھے ہیں وہ ضرور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔