مانسہرہ: رہنما مسلم لیگ (ن) کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ شیخ رشید مسلم لیگ (ن) میں ہوتا تو نااہل ہوجاتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مشرف نے آئین توڑا، کارگل سرینڈر کیا، اسے کوئی نہیں پوچھتا، لاڈلوں کیلئے الگ اور نواز شریف کیلئے اور قانون ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی نااہلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان کی درخواست خارج کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو اہل قرار دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی تھی اور 20 مارچ کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا فیصلہ85 دن بعد گزشتہ روز سنایادیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شیخ رشید انتخابات 2018 بھی لڑسکیں گے۔شیخ رشید کے خلاف درخواست پر فیصلہ 2 کے مقابلے میں ایک کے تناسب سے سنایا گیا اور فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اختلافی نوٹ بھی لکھا۔دریں اثناء سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے عزت دی ہے ، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تھا، میں راولپنڈی کا ہوں اور ساری دولت شہر میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے خلاف فیصلہ آتا تو میں قبول کرلیتا ،میں نواز شریف نہیں ہوں ، انہوں نے مزید کہا کہ ” میاں برادران میں آرہاہوں “۔ جو میری سیاسی موت دیکھ رہے تھے ان کی سیاسی زندگی دیکھ رہاہوں ،میں ان چوروں کو لٹکاؤں گا۔
عدالت کے باہر مسلم لیگ (ن)کے رہنما شکیل اعوان نے کہا ہے کہ شیخ رشید کی غلطی تسلیم کرنے کے باوجود اس طرح کا فیصلہ آیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا حصول کتنا مشکل ہے تاہم جب تک انصاف نہیں ملے گا عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹاتے رہیں گے۔