اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایل این جی کرپشن کا سمندر ہے، اس معاملے پر قطر سے معاہدے کا پارلیمنٹ میں کوئی رکارڈ نہیں، امید ہے کہ الیکشن کمیشن ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں کیسز کا زلزلہ اور طوفان آنے والا ہے، نواز شریف کے جانے کے بعد سارے کاغذ نکل آئے ہیں، والیم 10 میں بھی بعض ملکوں کے جواب آنا شروع ہوگئے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نیب پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، نیب نے حدیبیہ پیپرز کےحوالے سے مثبت بیان دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتوں میں ججوں کی تعداد دگنی کی جائے، وزیراعظم ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد میں اضافہ کریں کیونکہ جمہوریت کو بچانا ہے تو ججز کی تعداد دگنی ہونی چاہیے۔