عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور انہوں نے میچ دیکھنے کیلئے لاہور جانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کے ساتھ ہی ملک بھر کے عوام ٹکٹ کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں اور شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی ٹکٹ کے حصول کیلئے بے چین نظر آتے ہیں۔انہی سیاستدانوں میں سرفہرست عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ہیں جو فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ٹکٹ ملنے پر مسرور شیخ رشید نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے قذافی اسیٹڈیم جاؤں گا اور عوام کے ساتھ مل کر سیٹیاں بجاؤں گا۔پاکستان سپر لیگ کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے پیر کو پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن شیخ رشید کے اتحادی اور پاکستابن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس فیصلے کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آخر بند سڑکوں اور سخت سیکیورٹی سے ہم امن کا کیا پیغام پہنچائیں گے؟۔البتہ شیخ رشید نے فائنل کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اچھا فیصلہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ فائنل دیکھنے کیلئے لاہور جائیں گے۔