لاہور(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ اور وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مارچ سے پہلے ان سب کی سیاست کا فیصلہ ہوجائے گا، اگر معیشت سنبھل گئی تو ستے خیراں، ورنہ یہ چور ساری زندگی روئیں گے، اور ہاتھ جوڑ کر پیسے جمع کروائیں گے، یہ سب اندر سے ہل گئے ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حاصل بزنجوکیا ہے؟ کیا پدی کیا پدی کا شوربا،جو جنرل فیض بارے بات کرتا ہے۔مولانا فضل الرحمان کی اس قربانی پرسیاسی قربانی دیکھ ر ہا ہوں،میں اپوزیشن کو متنبہ کررہا ہوں کہ یہ جمہوریت جمہوریت کھیلیں، مولانا فضل الرحمان مدرسے کا کھیل بند کردیں، ورنہ ان کی فوجی لیز والی زمین اور کھالوں کا کام بھی بند ہوجائے گا۔آصف زرداری اگر یہ آس لگا کربیٹھے ہیں کہ فریال تالپور ایک درمیانی کردارادا کرسکے گی تو یہ نہیں ہوسکے گا۔شہبازشریف کو اس کی بھتیجی نے ناکام کیا ہے۔میں آج یہ عید سے قبل انکشاف کرتا ہوں کہ شہبازشریف کیخلاف مریم بی بی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔جیسے میں نے کہا تھا کہ میں نے شہبازشریف کو ڈیل اور این آراومانگتے دیکھا ہے، تومیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مریم نوازنہیں چاہتی کہ شہبازشریف کی کوئی ڈیل ہوجائے، کیونکہ وہ خود ایکٹو ہے، مریم نواز نے دوتین فون کیے کہ شہبازشریف کے ساتھ کوئی مسئلہ طے نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میری اطلاع یہ ہے کہ سارے ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں، ایک ہی گاڑی کے دوپہیے ہیں۔ اب کوئی دوسری آپشن نہیں ہے۔اگر یہ طاقت سے اتار سکتے ہیں تواتارلیں، اپنی چارپائی کے نیچے یہ جھاڑو نہیں پھیر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ادارے یہ نہیں چاہتے پارٹیاں ختم ہوجائیں، وہ چاہتے ہیں کرپٹ اور پرانے چہرے ختم ہونے چاہئیں، نئی لیڈرشپ پر کسی کو اعتراض نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اگر خطرہ ہے تو معیشت کی بدحال صورتحال سے ہے، اگر معیشت سنبھل گئی تو ستے خیراں، ورنہ یہ چور ساری زندگی روئیں گے ، اور ہاتھ جوڑ کر پیسے جمع کروائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ سب اندر سے ہل گئے ہیں، انہوں نے کن حالات سے گزرنا ہے، مارچ سے پہلے ان کی سیاست کا فیصلہ ہوجائے گا۔میں نے جو تاریخ دی وہ کبھی غلط نہیں ہوئی۔دیکھیں ملک کا صدر، وزیراعظم ان کی نسلیں جیل میں ہیں۔