راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی انتخابی مہم کے دوران تندور پر روٹیاں لگاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ملک بھر میں انتخابات 2018 کی تیاریاں عروج پر ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں و رہنما اپنی اپنی کامیابی کے لئے تشہیری مہم میں مصروف عمل نظر آتے ہیں جب کہ کچھ سیاستدان اپنے زبان و بیان اور نت نئی حرکات کی وجہ سے مشہور ہوگئے ہیں۔ مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے جمشید دستی نے گزشتہ انتخابات میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز گدھا گاڑی میں بیٹھ کرشروع کی تو دیکھتے ہی دیکھتے ان کی ویڈیو جنگل میں آگ کی طرح وائرل ہوگئی۔
عام لوگوں کے ساتھ،انھی کی طرح رہنا ہمیشہ ہی پسند ہے،
عوامی انداز۔ pic.twitter.com/pQEXfzo39A— Sheikh Rashid Ahmad (@ShkhRasheed) July 12, 2018
2018 کے عام انتخابات میں جہاں عوام کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں ووٹرز اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ کی درخواست کرنے والے سیاستدانوں سے فرمائشیں بھی پوری کرارہے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دیگر سیاستدانوں میں منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ جب چاہیں پیدل، سائیکل یا موٹرسائیکل پرسوار ہوکرعوام میں پہنچ جاتے ہیں جب کہ اکثر اوقات ان کا ناشتہ بھی عام ہوٹل میں ہی ہوتا ہے۔ شیخ رشید قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 62 راولپنڈی سے امیدوار ہیں اور حسبِ روایت اس بار بھی انہوں نے انتخابی مہم چلانے میں سب سیاسی رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
شیخ رشید انتخابی مہم کے دوران نان بائی کی دوکان پر پہنچے تو عوام میں گھل مل گئے جب کہ ایک ووٹر نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ آپ میرے ووٹ کے بدلے کیا کرسکتے ہیں تو شیخ رشید نے تندور میں روٹیاں لگا کر ووٹرسے کہا میں آپ کو اپنے ہاتھوں سے روٹی پکا کر دے سکتا ہوں، یہ سارا منظر ہجوم میں کھڑے ایک شخص نے اپنے موبائل کیمرہ کی مدد سے عکس بند کرلیا اور شیخ رشید نے بھی یہ ویڈیو بلاہچکچاہٹ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کردی اورساتھ ہی یہ جملہ بھی لکھا کہ مجھے عوام میں رہنا ہی پسند ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں شیئر اور دیکھی جاچکی ہے اور عوام اسے پسند بھی کررہے ہیں۔