لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے 2 ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے کے مطابق کوئٹہ اور بولان ایکسپریس کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے جو اکانومی کلاس کے لیے ہے۔سی ای او ریلوے نے بتایا کہ بولان ایکسریس کے
کرایوں میں کمی فی الفور نافذ العمل ہوگی جب کہ کوئٹہ ایکسپریس کے کرایوں میں کمی یکم دسمبر سے نافذ العمل ہوگی، کرایوں میں رعایت 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے آئندہ ماہ سے تین نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیر نے کس کس کو ریلوے اراضی لیز پر دی رپورٹ مانگ لی ہے، ریلوے کے مالی حالات بہتر کرنے کے لیے دوقیمتی پلاٹ فروخت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کی شدید کمی کا شکار ہے، محکمے میں 23 ہزار نئی بھرتیوں کی ضرورت ہے، ہم 10 ہزار افراد فوری بھرتی کرنا چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے بتایا کہ 10 سال قبل ریلوے میں 10 مال گاڑیاں چلتی تھیں اور آج بھی وہی چل رہی ہیں، سال کے آخر تک 15 مال گاڑیاں چلائیں گے، کراچی خالی جانے والی مال گاڑیوں کے کرائے میں 50 فیصد کمی کا حکم دیدیا ہے۔