اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی پیش گوئی سچ ثابت ہو گئی ہے اور سپیکر کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی جیت کیساتھ ہی اپوزیشن اتحاد بھی منتشر ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے تو لیگی کارکنان نے ایوان میں احتجاج شروع کر دیا مگر اس دوران سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے تمام اراکین احتجاج سے الگ تھلگ رہے۔ ن لیگی کارکنوں کے احتجاج کے باعث نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس بھی 15 منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔
اسد قیصر منتخب ہونے کے بعد حلف اٹھانے لگے تو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے سب سے پہلے تقریر کرنے کی کوشش کی جبکہ مختلف لیگی اراکین نے نواز شریف کے پوسٹر نکال لئے اور مختلف مقامات پر کھڑے ہوگئے جبکہ کچھ اراکین نےڈائس کے قریب احتجاج شروع کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے احتجاج شروع کیا تو پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اس میں شریک نہ ہوئے اور الگ تھلگ نظر آئے اور اس احتجاج کا بالکل بھی حصہ نہیں بنے۔