شیخو پورہ میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے دوران مسلم لیگ ن کے شیر آپس میں گتھم گتھا ہو گئے، ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی اور پاسپورٹ آفس کے دروازے بھی توڑ دیئے۔
شیخو پورہ: (یس اُردو) پاسپورٹ آفس کا افتتاح وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر اور سٹی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے حامیوں میں تلخ جملوں کے بعد تصادم ہو گیا۔ وفاقی وزیر کو میاں جاوید لطیف کے حامیوں نے افتتاح کا ربن کاٹنے نہ دیا اور انہیں دھکے دیتے رہے جبکہ رانا تنویر کے حامی انہیں زبردستی پاسپورٹ آفس میں لے گئے جہاں انہوں نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر افتتاح کر دیا۔وفاقی وزیر افتتاحی تقریب کی پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اس دوران سٹی ایم این اے کے حامی پاسپورٹ آفس کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔ نعرے بازی کرنے والے کارکنوں نے سٹی ایم پی اے عارف خان سندھیلہ کو بھی شدید ذدوکوب کیا جس سے ان کی ناک پر زخم آ گیا۔ اس تمام واقعہ میں سکیورٹی کا کردار انتہائی ناقص رہا۔ وفاقی وزیر اور سٹی ایم این اے کے خوف سے پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور کسی بھی کارکن کو نعرے بازی اور تصادم سے نہ روک سکی۔