لاہور: وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی تبدیلی کی بے بنیاد افواہیں گردش کرتی رہیں جس کی حکومتی سطح پر تردید کردی گئی اور اب ایوارڈ یافتہ مصنف وقاص احمد ایسی افواہیں پھیلانے کی وجہ بھی سامنے لے آئے ۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقاص نے لکھا کہ اسد عمر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ ایسی افواہیں درست نہیں۔ میری حکومتی ذرائع سے بات ہوئی ہے اور ان کے مطابق یہ بالکل غلط خبر ہے۔ شہریار آفریدی اور دیگر کے قلمدان تبدیل کیے جا رہے ہیں لیکن اسد عمر کا نام ان لوگوں میں کبھی شامل نہیں رہا جن کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔ ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے بتایا کہ غلط خبریں کیسے کام کرتی ہیں۔ اپنی خبر کو مزیدار بنانے کے لیے مزید ایک نام شامل کر لیں اور اگر پہلے سے طے شدہ تبدیلیاں ہوتی ہیں تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ دیکھ لیا۔ ہم نے بتایا تھا لیکن ہم نے جب خبر بریک کی تو انہوں نے اسد عمر کا نام نکال دیا۔ دونوں صورتوں میں میڈیا کی ہی جیت ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اور اگر وہ تیز طراز ہوئے تو ان افواہوں کی بنیاد پر مارکیٹ کریش کر جائے گی اور وہ کم قیمتوں پر خریداری کریں گے اور مارکیٹ سنبھلنے کیلئے سرکاری ترجمان کی وضاحت کا انتظار کریں گے تاکہ دوبارہ فروخت کر سکیں۔ یہ باثر امراء اور تاجروں کا گروہ ہے جو نہیں چاہتے کہ حکومت کامیاب ہو، وہ اپنے مفادات کیلئے میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی موجودگی میں معیشت کیلئے انتہائی مشکل ہے کہ وہ سنبھل سکے۔