کراچی (یس ڈیسک) سانحہ شکار پور کی تحقیقات کیلئے سندھ حکومت بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا ہے، ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق شکار پور خودکش حملے کے تانے بانے بلوچستان سے ملتے ہیں۔
حکومت سندھ نے سانحہ شکارپور کے محرکات اور اس کے پیچھے چھپے عناصر کا پتا لگانے کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق خود کش حملے میں ملوث دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان سے تھا۔ مزید تحقیقات کیلئے دونوں صوبوں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کو شکار پور کی امام بارگاہ کربلا مولا میں خود کش حملے میں اب تک 59 افراد جاں بحق، جب کہ پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔ شدید زخمیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی اور سی ایم ایچ پنو عاقل منتقل کیا گیا ہے، حکومت سندھ نے جاں بحق افراد کیلئے بیس بیس لاکھ جب کہ زخمیوں کیلئے دو دو لاکھ امداد کا اعلان بھی کیا۔